ایک ہزار افراد پرمشتمل قافلے میں تیونس ،الجزائر ،مراکش ،موریطانیہ اورلیبیا سے تعلق رکھنے والے شامل،قاہر ہ میں پچاس ممالک سے ہزاروں لوگ جمع ہوں گے
قاہرہ (آئی این پی )غزہ پر جاری اسرائیلی محاصرہ ختم کرانے اور دنیا کی توجہ اسرائیلی مظالم کی طرف دلانے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے مصر کے رفح بارڈر کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔ غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے دنیا بھر کے50ممالک سے انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت دیگر ہزاروں افراد نے مصر اور غزہ کے درمیان واقع رفح بارڈر کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ گلوبل مارچ کے عنوان سے شروع کی گئی اس تحریک کا پہلا قافلا جو تقریباً 1000افراد پر مشتمل ہے تیونس سے روانہ ہونے کے بعد گزشتہ روز لیبیا پہنچا تھا۔ تیونس سے نکلنے والے قافلے کے منتظمین کابتانا ہے کہ یہ قافلہ شمالی افریقا کی 5ریاستوں تیونس، الجزائر، مراکش، موریطانیہ اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل ہے۔ رپورٹ کے مطابق قافلہ جب مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے گا تو وہاں دنیا بھر کے 50ممالک سے ہزاروں لوگ جمع ہونگے جس کے بعد مصر اور غزہ کے درمیان واقع رفح بارڈر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔