بھارتی مسلمانوں کو جبری طور پر غیر ملکی قرار دے کر ملک بدر کیا جانے لگا

آسام سمیت دیگرمشرقی ریاستوں میں ہزاروں مسلمانوں کو این آرسی کی بنیاد پرجبراً بیدخل کیاجارہا ہے
نئی دہلی (آن لائن) بھارت میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے ایک نیا، متنازع اور خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ آسام سمیت دیگر مشرقی ریاستوں میں ہزاروں بھارتی مسلمانوں کو نیشنل رجسٹرڈ آف سٹیزنز (NRC) کی بنیاد پر غیر ملکی قرار دے کر جبراً بے دخل کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ نے اس سلسلے میں بھارتی پولیس، آسام بارڈر فورس اور دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا پردہ چاک کیا ہے۔بی بی سی کے مطابق آسام میں متعدد شہریوں کو بغیر کسی قانونی وضاحت اور ثبوت کے، زبردستی بنگلہ دیشی مہاجر قرار دے کر سرحد پار دھکیل دیا گیا۔ ان بے دخل کیے گئے افراد میں بھارتی شہری شونا بانو سمیت درجنوں مسلمان شامل ہیں، جنہیں بندوق کے زور پر ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔متاثرہ افراد نے بتایا کہ انہیں کئی دن کھلے آسمان تلے، بھوک، پیاس اور کیڑوں کے درمیان زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا۔ نہ کوئی عدالتی سماعت، نہ قانونی کارروائی ، صرف ایک ظالمانہ نظام، جو اپنی ہی شہریت رکھنے والے افراد کو بے گھر کر رہا ہے۔