وزیراعلی کو دس مرلے اور اس سے اوپر کے گھروں پر مزید 2 فیصد اور موٹر وہیکل ٹیکس میں بھی 2 فی صد اضافے کی تجویز دی گئی تھی
ہنستا کھیلتا بچہ خوشی کی علامت ہے، بچوں کا کھیلنا محض تفریح نہیں، ذہنی، جذباتی اور تخلیقی نشوونما کی بنیاد ہے:انٹرنیشنل ڈے آف پلے پرپیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں نئے ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق منسٹریل کمیٹی نے پنجاب بجٹ سے متعلق سفارشات وزیر اعلی مریم نواز کو پیش کر دیں، وزیر اعلی نے بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے دس مرلے اور اس سے اوپر کے گھروں پر مزید 2 فی صد ٹیکس عائد کرنے کی سفارش مسترد کی ہے، موٹر وہیکل ٹیکس میں بھی 2 فی صد اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔پنجاب منسٹریل کمیٹی نے سفارش پیش کی ہے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح 5 سے بڑھا کر 8 فی صد کی جائے، تاہم وزیر اعلی پنجاب نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح 5 سے 8 فی صد کرنے کی سفارش کو مسترد کر دیا۔وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے جو لوگ ٹیکس کے دائرے کار سے باہر ہیں ان کو ٹیکس نیٹ کے دائرے کار میں لایا جائے۔ دریں اثناء مریم نواز نے کہا ہے ہنستا کھیلتا بچہ خوشی کی علامت ہے، بچوں کا کھیلنا محض تفریح نہیں، ذہنی، جذباتی اور تخلیقی نشوونما کی بنیاد ہے۔انٹرنیشنل ڈے آف پلے پر اپنے پیغام میں وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہر بچے کو نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلنے، سیکھنے اور بے فکری سے مسکرانے کا حق حاصل ہے، افسوس کہ کشمیر اور فلسطین کے بچے کھیل سمیت دیگر تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں کھیل کے ذریعے بھی بچوں کو تعلیم دی جا رہی ہے، ایسا ماحول اور معاشرہ بنا رہے ہیں جہاں ہر بچہ محفوظ، آزاد ، کھیلنے، سیکھنے اور بڑھنے کے مساوی مواقع سے فیض یاب ہو۔