پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو نیب تفتیش جوائن کرنے کا حکم

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو نیب تفتیش جوائن کرنے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے اور بیرون ملک جانے کی اجازت کی درخواست پر سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو نیب کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب تفتیش کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر پیش ہو کر پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کرے۔عدالتی حکم کے مطابق اعظم سواتی کو یو اے ای کے لیے 60 روز کا ویزا جاری ہوا ہے، اور وہ دل کے مریض ہیں، اس لیے علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے سابقہ حکم پر ان کا نام ای سی ایل، پی سی ایل سمیت دیگر فہرستوں سے نکالا جا چکا ہے اور اس دوران انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔عدالت نے مزید لکھا کہ درخواست گزار کو آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہے اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے، تاہم درخواست پر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔