پگھلتے گلیشیئرزآتش فشاں کومزید تباہ کن بنا سکتے ہیں: نئی سائنسی تحقیق میں انتباہ

 پراگ (آئی این پی )حالیہ تحقیق میں سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ کائنات میں موسمیاتی بحران کی وجہ سے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا عمل آتش فشاں کے پھٹنے کی رفتار کی شدت اور تواتر کو بڑھا سکتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج پراگ میں ہونے والی گولڈشمڈ کانفرنس میں پیش کیے گئے۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گلیشیئرز سے برف کا تیزی سے پگھلنا زیرِ زمین موجود میگما کے چیمبرز پر دبائو کم کرتا ہے، جس کی وجہ سے میگما کے باہر نکلنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔یہ عمل آتش فشاں کے پھٹنے کے امکانات میں اضافے کا سبب بنتا ہے، اور اس کے نتیجے میں آتش فشاں کی پھٹنے کی شدت اور تواتر میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔یونیورسٹی آف وسکونسن-میڈیسن سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سربراہ، محقق پابلو مورینو کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں گلیشیئرز کا پگھلنا، خاص طور پر پیٹاگونیا آئس شیٹ جیسے بڑے گلیشیئرز کا، آتش فشانی سرگرمیوں کو مزید بڑھا سکتا ہے۔