بڑھتی آبادی ملک کے وسائل، بنیادی ڈھانچے اور نظامِ حکمرانی پر بھاری دبائو ڈال رہی ہے، نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے:وزیراعظم

7دہائیاں پرانے نظام سے  ترقی ممکن نہیں شہبازشریف
   فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر معاشی ترقی اور خوشحالی نہیں آسکتی‘نظام کی تبدیلی کے لئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت انتہائی ضروری ہے
 نوجوان افرادی قوت پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، باصلاحیت پاکستانی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں:شہباز شریف کی اجلاس میں گفتگو ماہرین پر مشتمل ماڈل اپنانے کی ہدایت
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے   سات دہائیوں سے اس ملک کو جس نظام سے چلانے کی کوشش کی گئی اس سے پاکستان کی ترقی ممکن نہیں، فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر معاشی ترقی اور خوشحالی نہیں آسکتی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت بجلی کی جانب سے گورننس کی بہتری اور اصلاحات کیلئے ماہرین پر مشتمل نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے  وزارتوں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے ہر شعبے کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سات دہائیوں سے اس ملک کو جس نظام سے چلانے کی کوشش کی گئی اس سے پاکستان کی ترقی ممکن نہیں، فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر معاشی ترقی اور خوشحالی نہیں آسکتی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ہے، پاکستان کی نوجوان افرادی قوت پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، باصلاحیت پاکستانی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں فرسودہ نظام کو جدید ڈیجیٹل اور مثر گورننس کے نظام میں تبدیل کرنا ہے، اویس لغاری اور انکی ٹیم کی انتھک محنت قابل تعریف ہے، وزارت بجلی کی اصلاحات، نقصانات میں کمی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت باقی وزارتوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت انتہائی ضروری ہے، شعبے کے ماہرین اور کنسلٹنٹس جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات سے نئی سوچ اور گورننس کے طریقہ کار کو رائج کرنے میں معاون ہونگے‘دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے  نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں  وزیر اعظم نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آبادی میں پائیدار اضافے اور جامع ترقی کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس سال عالمی یوم آبادی کا موضوع نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، جو پاکستان کے موجودہ آبادیاتی منظرنامے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جس میں 65 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے، یہ نوجوان آبادی قومی ترقی، معاشی جدت اور سماجی بہتری کے لیے ایک زبردست قوت بن سکتی ہے، بشرطیکہ انہیں درست سمت میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، جہاں بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے وسائل، بنیادی ڈھانچے اور نظامِ حکمرانی پر بھاری دبائو  ڈال رہی ہے، ایسی صورتحال میں نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار اور ہنر مندی پر بھرپور توجہ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔