اسلام آباد (آئی این پی)وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے بھارت مسلسل کہہ رہا ہے آپریشن سندور ابھی چل رہا ہے، بھارت نے سامنے سے حملہ کیا تو اسے شکست ہوئی اب چھپ کر وار کر رہا ہے۔پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہا بھارت اب پراکسیز کے ذریعے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت خواتین اور بچوں کو ٹارگٹ کر کے بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی بھارت کے آپریشن سندور کا تسلسل ہے، جیسے آپریشن سندور سے نمٹا، ان پراکسیز سے بھی ایسے ہی نمٹیں گے، کور کمانڈرز کانفرنس اور وزیرِ اعظم نے واضح فیصلہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی نہیں رہے گی۔طلال چوہدری نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت کو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، افواجِ پاکستان جان دے رہی ہیں لیکن سیاسی بیانیے میں کمی نظر آ رہی ہے، ساری جماعتیں ایک بیانیے پر اکٹھی ہو جائیں تو جلد یہ جنگ جیت جائیں گے