اوسلو (آئی این پی )ناروے کے نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ نوبیل امن انعام نہ تو کسی اور کو منتقل کیا جا سکتا ہے، نہ تقسیم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی واپس لیا جا سکتا ہے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق یہ وضاحت وینزویلا کی اپوزیشن رہنما اور نوبیل امن انعام یافتہ ماریا کورینا ماچاڈو کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنا 2025 کا نوبیل امن انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کر سکتی ہیں۔نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ نوبیل فانڈیشن کے قوانین کے مطابق ایک بار انعام دینے کا فیصلہ حتمی اور مستقل ہوتا ہے، جس کے خلاف کوئی اپیل یا تبدیلی ممکن نہیں۔ادارے کے مطابق نوبیل انعام کا اعلان ہونے کے بعد اسے نہ تو کسی اور کے نام کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی صورت میں اس کی حیثیت تبدیل کی جا سکتی ہے۔