سم کارڈز کو دھوکا دہی، غیر مصدقہ رابطوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، پی ٹی اے
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اورایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے فعال بین الاقوامی سم کارڈز کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں مشترکہ کریک ڈائون کیا ہے ۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ کارروائیاں ٹیلی کام فراڈ کے خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔ چھاپے ایبٹ آباد، سکردو، پشاور، لاہور اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں مارے گئے۔ ایسے افراد اور کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی جو بین الاقوامی سم کارڈز کی غیر قانونی فروخت اور ترسیل میں ملوث تھے۔اعلامیے کے مطابق ان سم کارڈز کو دھوکا دہی، غیر مصدقہ رابطوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس دوران مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پرفعال کیے گئے سم کارڈز برآمد کر لیے گئے۔