علیمہ خان ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم

 قابل ضمانت وارنٹ اور ضمانت منسوخی کے نوٹس جاری ، کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی 
راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ )انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔اے ٹی سی کے جج نے علیمہ خان سمیت 11 ملزموں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی، جس میں علیمہ خان اور ان کے وکلا عدالت پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے علیمہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ اور ضمانت منسوخی کے نوٹس جاری کر دیئے، توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی حق پر ڈٹ کر کھڑا ہے، کسی میں بھی جرات نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ہاتھ لگائے، بانی اللہ کی حفاظت میں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر نعرے لگانے والے گیڈڑ ہیں،ہم واٹر کینن سے گھبرانے والے نہیں، میری بہنوں کو گرنے سے ٹانگوں پر زخم آئے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالت نے ایم این اے شاندانہ گلزارکی این سی سی آئی اے سائبر کرائم میں درج مقدمات خارج کرنے کی درخواست میں درخواست گزار وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔