خصوصی عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ اور ضمانت منسوخی کے نوٹس بھی جاری کردیئے
واٹر کینن سے گھبرانے والے نہیں،اپنے بھائی کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے: علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی (آن لائن‘آئی این پی) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں علیمہ خان اور ان کے وکلا عدالت پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے علیمہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ اور ضمانت منسوخی کے نوٹس بھی جاری کر دیے۔ عدالت نے علیمہ خان کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔پراسیکیوشن کی جانب سے علیمہ خان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملزمہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے وہ ہر سماعت پر پیش ہوں گی۔جس کے بعد عدالت نے علیمہ خان کے دس دس لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہے ہم واٹر کینن سے گھبرانے والے نہیں، اپنے بھائی کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ یہ غیرقانونی عمل ہے، ہم عدالت سے لیٹ ہوئے تو غیرحاضری لگادی گئی۔