ورلڈ بینک نے پنجاب کے لیے 400 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد صوبے میں محفوظ پانی، صفائی، حفظانِ صحت اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق یہ پروگرام 16 شہروں میں پانی، سیوریج اور ڈرینیج سسٹمز کی اپ گریڈیشن میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے تحت نہ صرف پانی کی فراہمی کو محفوظ اور مؤثر بنایا جائے گا بلکہ سیوریج اور ڈرینیج سسٹمز بھی جدید معیار کے مطابق اپ گریڈ کیے جائیں گے تاکہ شہری علاقوں میں صحت و صفائی کے مسائل کم ہوں۔منصوبے کے تحت ویسٹ مینجمنٹ اور ڈسپوزل کی کارکردگی بھی بہتر کی جائے گی، تاکہ فضلہ کی جمع آوری اور تلف کرنے کے عمل کو جدید بنایا جا سکے۔ فنڈنگ کے ذریعے بلدیاتی اداروں کی ادارہ جاتی اور مالی اصلاحات بھی ممکن بنائی جائیں گی، جس سے بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
ورلڈ بینک کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستان میں بچوں کی نشوونما اور صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی، کیونکہ محفوظ پانی اور صحت مند ماحول بچوں کی مجموعی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔یہ پروگرام پنجاب میں شہری سہولیات میں بہتری، صحت کے معیار کو بلند کرنے اور پانی و صفائی کے شعبے میں عالمی معیار کے مطابق اصلاحات لانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔