ورلڈ بینک کی پاکستان کے لیے 375.9 ملین ڈالر کے بیسٹ پاک پروگرام کی منظوری

ورلڈ بینک کی پاکستان کے لیے 375.9 ملین ڈالر کے بیسٹ پاک پروگرام کی منظوری

ورلڈ بینک نے پاکستان کے بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے 375.9 ملین ڈالر مالیت کے بیسٹ پاک (BEST-Pak) پروگرام کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔

ورلڈ بینک کے مطابق اس منصوبے کا مقصد قومی گرڈ کو جدید، مستحکم اور زیادہ مؤثر بنانا ہے تاکہ بجلی کی بندش میں کمی لائی جا سکے اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔منصوبے کے تحت ملک کے تین 500 کے وی گرڈ اسٹیشنز پر جدید STATCOM سسٹمز نصب کیے جائیں گے، جبکہ 26 گرڈ اسٹیشنز پر جدید آلات کی تنصیب کے ذریعے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ورلڈ بینک کے مطابق اس منصوبے سے 640 میگاواٹ ونڈ پاور کو قومی گرڈ میں شامل کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی، جبکہ جنوبی پاکستان میں 1,840 میگاواٹ ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی سے مؤثر استفادہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ اس کے علاوہ یہ منصوبہ نجی شعبے کے 491 میگاواٹ قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کی بھی معاونت کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ بجلی کی ترسیل میں بہتری، توانائی کی لاگت میں کمی، شعبۂ توانائی میں اصلاحات اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کی تنظیمِ نو میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ورلڈ بینک کے مطابق اس منصوبے سے سالانہ 8 لاکھ 32 ہزار 500 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی متوقع ہے، جبکہ یہ پاکستان کو 2030 تک 60 فیصد قابلِ تجدید توانائی کے ہدف کے حصول کے قریب لانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔