یو اے ای،غیر قانونی مقیم افراد کو ملازمت یا رہائش پر بھاری جرمانہ، سزا

 ایسے تارکین وطن کو پناہ  یا ملازمت دینے سے اہم خطرات لاحق ہوسکتے ہیں
 ایک لاکھ درہم سے 5 ملین درہم  تک جرمانے اور کم از کم 2 ماہ کی قید  شامل ہے
ابوظہبی (آئی این پی )متحدہ عرب امارات نے عوامی تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے  ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم  افراد کو رہائش فراہم کرنے   یا ملازمت دینے والے افراد کیلئے بھی  سخت سزائوں اور جرمانوں  کا اعلان کردیا ۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ  کے مطابق یو اے ای میں غیر قانونی پر طور پر مقیم باشندوں کو ملازمت ، رہائش حتی کہ کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو پناہ دینے یا ملازمت دینے سے اہم خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، ایسے افراد عوامی سلامتی کو خطرہ لاحق کرنے  سمیت  غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں لہذا  سماجی استحکام اور   شہریوں کی  حفاظت یقینی بنانے کے لیے سخت قوانین کا  نفاذ ضروری ہے۔ رپورٹ  کے مطابق یو اے ای میں غیر ملکیوں کے داخلے اور رہائش سے متعلق 2021 کے قوانین کے تحت اس جرم کیلئے سخت سزائیں مقرر ہیں جن میں ایک لاکھ درہم سے 5 ملین درہم  تک جرمانے اور کم از کم 2 ماہ کی قید بھی شامل ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ وزٹ یا سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد کا یو اے ای میں ملازمت کرنا ایک سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے ، ایسے مجرم کو 10 ہزار درہم  جرمانہ کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب کہ جعلی رہائشی دستاویزات استعمال کرنے والے افراد کیلئے 10 سال قید کی سزا ہے۔