ڈی پورٹیز کو بغیر تلاشی حوالات میں بند کرنا سنگین غفلت قرار

اسلا م آباد(آئی این پی )وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے )نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ اور ڈی پورٹ ہونے والے افراد سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔ بغیر تلاشی حوالات میں بند کرنے کا عمل سنگین غفلت قرار دیدیا گیا ہے ۔ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ عملے پر واضح کر دیا کہ آف لوڈ اور ڈی پورٹ ہونے والے تمام افراد کی باقاعدہ مکمل تلاشی لازمی لی جائے۔ایف آئی اے کی جانب سے جاری  سرکلر میں کہا گیا ہے کہ  ایف آئی اے عملہ تلاشی لیے بغیر ہی آف لوڈ یا ڈی رپورٹ ہونے والے افراد کو حوالات میں بند کر دیتا ہے جس کے باعث اہم شواہد غائب ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ایسے تمام افراد کا سامان، دستاویزات، موبائل فونز، سگریٹ سمیت ہر چیز فوری طور پر قبضے میں لی جائے اور دستاویز کی شکل میں اس کا ریکارڈ مرتب کیا جائے ۔ سرکلر میں  مزید  کہا گیا ہے کہ تمام کارروائی کے بعد ریکارڈ پر آف لوڈ یا ڈی پورٹ کیے گئے افراد سے دستخط لئیجائیں اور مکمل ریکارڈ متعلقہ ایس ایچ او اور محرر کے حوالے کیا جائے۔