قیدیوں نے اہلکاروں سے ایس ایم جیز چھین کر اندھا دھند فائرنگ کی، دو رائفلز تاحال لاپتا ہیں، تفتیشی ذرائع
کراچی(خصوصی رپورٹ)کراچی کی ملیر جیل سے 216قیدیوں کے فرار کا واقعہ سنگین سکیورٹی غفلت کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر تفتیشی حکام نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق چند شرپسند قیدیوں نے جیل کے سکیورٹی اہلکاروں سے ایس ایم جی ہتھیار چھین کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد وہ دیگر قیدیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ہنگامے اور فائرنگ کے دوران جیل کا کنٹرول وقتی طور پر قیدیوں کے ہاتھ میں آ گیا اور افراتفری کی کیفیت میں 216قیدی مختلف سمتوں میں فرار ہو گئے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس قیدی نے اسلحہ چھینا اور وہ کس جانب فرار ہوئے۔تفتیشی حکام کے مطابق اب تک 105قیدیوں کو واپس ملیر جیل پہنچا دیا گیا ہے، جن میں سے کئی کو ان کے اہلِ خانہ نے ازخود جیل واپس لا کر حکام کے حوالے کیا۔ تاہم جیل سکیورٹی سے چھینی گئی دو ایس ایم جی رائفلز تاحال لاپتا ہیں۔تفتیشی ٹیم نے ملیر جیل سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے اور واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش میں جیل کی سکیورٹی میں واضح خامیاں سامنے آ رہی ہیں، جن کے نتیجے میں ایک بڑے واقعے نے جنم لیا۔واقعے کے بعد جیل کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ذمہ داروں کے تعین اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات زیر غور ہیں۔