عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی تصور ہی نہیں، ملک میں نہ کوئی آئین ہے اور نہ قانون
یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جا رہے ہیں اور ملک میں بے چینی بڑھا رہے ہیں:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے حکومت پی ٹی آئی کیخلاف جو بھی قدم اٹھانا چاہتی ہے، سو بسم اللہ کرے، عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ یہ اپنا اصل چہرہ پوری دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ ملک میں نہ کوئی آئین ہے اور نہ قانون، اور نہ ہی کسی کے بنیادی حقوق محفوظ ہیں۔ گزشتہ روز اڈیالہ کے باہر جو کچھ ہوا، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جا رہے ہیں اور ملک میں بے چینی مزید بڑھا رہے ہیں۔ فیصل واڈا غیر سنجیدہ آدمی ہے، میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کروں گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔حکومت جو بھی قدم اٹھانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف سو بسم اللہ کرے۔ ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت اگر زور لگانا چاہتی ہے تو لگا لے۔