فیض حمید کوسزا فوج کا اندرونی معاملہ ہے‘ بند کمروں کے فیصلوں نے صوبے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ، امن قائم رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے
صاحب اختیار کی پالیسی بانی پی آئی کو مائنس کرنا ہے‘اب ان کا ایسی قوم سے واسطہ پڑا ‘عوام بانی پی ٹی آئی سے عشق کرتے ہیں، کارکن ڈرنے اور جھکنے والے نہیں
ہمارے دروازے بات چیت کیلئے کھلے ہیں، یہ کسی کے باپ کا پاکستان نہیں ، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا چاہتے ہیں
پشاور(آئی این پی )وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے ملک پر قابض کرپٹ ٹولے نے پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، وفاق میں بیٹھے کرپٹ عناصر نے تاریخی طور پر 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے، بند کمروں کے فیصلوں نے صوبے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے ، امن قائم رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے یونیورسٹی آف پشاور کے اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کا اچانک اور غیر رسمی دورہ کیا جس میں طلبہ سے براہِ راست ملاقات کی، طلبہ کی تجاویز سنیں اور یونیورسٹی کی مالی خودکفالت کے لیے وائس چانسلر کو عملی اقدامات کی ہدایت دی۔اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پر قابض کرپٹ ٹولے نے پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور وفاق میں بیٹھے کرپٹ عناصر نے تاریخی طور پر 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ این ایچ پی کے تحت وفاق کے ذمے خیبرپختونخوا کے 2200 ارب روپے سے زائد بقایا ہیں جبکہ این ایف سی کی مد میں ضم اضلاع کے 1375 ارب روپے واجب الادا ہیں، ضم اضلاع کے لیے سالانہ 100 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر سات سال میں صرف 168 ارب روپے دیے گئے اور 532 ارب اب بھی بقایا ہیں۔سہیل آفریدی نے طلبہ سے کہا ہے کہ وہ صوبے کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور تمام جامعات میں اس حوالے سے ڈیبیٹس منعقد کیے جائیں، آئندہ بجٹ میں طلبہ کے لیے سکالرشپس اور خصوصی مالی پیکجز شامل کیے جائیں گے جبکہ صوبائی حکومت انٹرن شپ پالیسی پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں‘ اڈیالہ جیل کے باہر داہگل ناکے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا صاحب اختیار کی پالیسی بانی پی آئی کو مائنس کرنا ہے، یہ ہمیشہ سے ایک ہی نسخہ آزماتے رہے ہیں۔ اب ان کا ایسی قوم سے واسطہ پڑا عوام بانی پی ٹی آئی سے عشق کرتے ہیں، ہمارے کارکن ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہمارے دروازے بات چیت کے لیے کھلے ہیں، یہ کسی کے باپ کا پاکستان نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، ہم آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا چاہتے ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم روڈ پر جب مرضی بیٹھیں یہ کون ہوتے ہیں کہنے والے کب تک بیٹھنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات اور احتجاج کا حق محمود خان اچکزئی کو دیا ہے، محمود اچکزئی کو ان کے ہر فیصلے پرعملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیض حمید ایک ادارے کا ملازم تھا ان کو سزا ادارے کا اندرونی معاملہ ہے، شہباز شریف کہتا تھا اسے 30 فیصد بھی سپورٹ ملے تو پاکستان کو یورپ بنا دوں گا، وہ تو ان کے لیے پریس کانفرنس بھی کرتے ہیں۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک معاشی طور پر تباہ ہو چکا ہے، حکومت 5300 ارب کی چوری کا حساب دے، ملک کا یہ حال ہے فیکٹریاں بند، نوجوان بیرون ملک بھاگ رہے ہیں۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، پاکستان کے مفاد میں جو ہوگا ہم وہی کریں گے۔