کنٹینر سے 700کلو آئس برآمد

ملائیشیا کیلئے بک کروائے گئے کنٹینرمیںآئس کیلشیم کاربونیٹ کے ساتھ مکس کرکے سمگل کی جا رہی تھی،ملزم گرفتار
 راولپنڈی(خصوصی رپورٹ)اینٹی نارکوٹکس فورس نے بھاری مقدار میں آئس بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف نے انٹیلی جنس اطلاع پر ساتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل کراچی پرکارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملائیشیا کے لیے بک کروائے گئے کنٹینر سے 700 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس ) برآمد ہوئی، برآمد شدہ آئس کیلشیم کاربونیٹ کے ساتھ مکس کر کے سمگل کی جا رہی تھی، کنٹینر میں موجود کیلشیم کاربونیٹ کے 854بیگوں کی تلاشی لی گئی،28بیگوں میں موجود کیلشیم کاربونیٹ میں آئس کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی، کنٹینر بک کروانے والے کراچی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق کنٹینر کراچی میں قائم نجی کمپنی کی جانب سے ملائشیا کے شہر کوالالمپور کے لئے بک کروایا گیا تھا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے گرفتار ملزم سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔