حکومت ‘پی ٹی آئی رابطے بحال‘مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنیکا فیصلہ

مذاکرات کے لئے  پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز سپیکر نے دی، جسے تحریک انصاف اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا، مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا کی سپیکر ایاز صادق سے ملاقات ‘، فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے ار کان کے نام مشاورت سے دیں گے

اسلام آباد(آن لائن)حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہوگئے ہیں اورمذاکرات کیلئے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا کی سپیکر ایاز صادق سے ملاقات ہوئی،تحریک انصاف کے وفد نے سپیکر کی ہمشیرہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز سپیکر نے دی، جسے تحریک انصاف اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا، مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تناو میں کمی ہو گا، فریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کے نام مشاورت سے دیں گے۔