ابوظہبی ٹی 10 لیگ اپنے دسویں سیزن کی جانب بڑھتے ہوئے نئے انداز میں تیار ہو رہی ہے، کرپشن اسکینڈلز کے بعد اب اس کی بحالی اور استحکام کا عزم ہے۔
لیگ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ نئی انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کی شمولیت سے یہ لیگ خطے میں ایک مستحکم اور معیاری سالانہ کرکٹ ایونٹ بن جائے گی۔یہ لیگ 2017 میں شروع ہوئی تھی، اور دنیا کا پہلا ٹی 10 ٹورنامنٹ تھی، مگر کرپشن، کھلاڑیوں کی ادائیگیوں کے مسائل اور فرنچائز مالکان کی بار بار تبدیلیوں نے اس کی ساکھ کو مجروح کیا۔ابوظہبی حکومت نے رواں سال ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب کے ذریعے لیگ میں غالب حصہ حاصل کیا ہے، تاکہ ادارہ جاتی استحکام لایا جا سکے اور طویل مدتی معاہدے کیے جا سکیں۔نئے ٹیم مالکان کی تلاش کے لیے بولی کا عمل جاری ہے، اور حتمی پیشکشیں اس ہفتے متوقع ہیں۔حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال لیگ کو آٹھ ٹیموں سے بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں، اور اگلے تین سالوں میں توسیع کی بھی ترجیح نہیں ہے۔