اقلیتی برادری کیلئے سیف سٹی کی خصوصی ہیلپ لائن متعارف

ہنگامی صورتحال میں اقلیتی شہری 15 پر کال کرکے ورچوئل سنٹر سے رابطہ کریں
 لاہور(کرائم رپورٹر) اقلیتی برادری کے تحفظ اور مسائل کے فوری حل کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی متحرک ہے۔ اقلیتی شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس رسپانس، قانونی معاونت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر خصوصی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق اقلیتی شہری ہراسانی، تشدد، دھمکی یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں 15 پر کال کرکے 5 دبائیں اور براہِ راست ورچوئل سنٹر فار مائنارٹیز سے رابطہ کریں۔ ورچوئل سنٹر کے ذریعے اقلیتی برادری سے متعلق 4 ہزار 550 سے زائد شکایات پر کارروائی کی جا چکی ہے، جبکہ 780 سے زائد ایف آئی آرز درج کرکے قانونی کارروائی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ اقلیتی شہریوں کی رہنمائی اور شکایات کے فوری حل کے لیے سیف سٹی میں مائنارٹی افسران بھی تعینات ہیں۔ جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے موصول ہونے والی کالز کی فوری درجہ بندی اور متعلقہ سروس تک رسائی کا عمل مزید مؤثر اور تیز بنایا گیا ہے۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ اقلیتی برادری کی شکایات پر فوری کارروائی، مؤثر مانیٹرنگ اور قانونی معاونت کی فراہمی ہر سطح پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہر اقلیتی شہری کو بلاامتیاز تحفظ اور پولیس خدمات کی فراہمی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔