گزشتہ مالی سال برآمد 500 ملین ڈالر کے ہدف سے زائد رہی ، ٹرانس شپمنٹ بڑھانے کے لئے مارکیٹنگ کی تمام تکنیک استعمال کررہے ہیں
فشنگ کو جدید بنانے کے لئے پرانی کشتیوں پر پابندی نہیں لگا سکتے، غریب مچھیروں کو بیروزگار نہیں ہونے دیں گے:وفاقی وزیر جنیدانوار چودھری
اسلا م آباد(آئی این پی ) حکومت نے سی فوڈ کی برآمدات دگنی کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا، جس سے ایکسپورٹرز کو ٹیکس چھوٹ بھی ملے گی۔وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ جنید انوار چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بلوچستان کمپنی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی فوڈ کی ایکسپورٹ 400 ملین ڈالر تھی، گزشتہ مالی سال برآمد 500 ملین ڈالر کے ہدف سے زائد رہی ۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 563 ملین ڈالر کی ایکسپورٹ کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ویلیو ایڈیشن اور جدت کے ذریعے اس ایکسپورٹ کو دگنا کریں گے۔ میرین فشریز ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ایکسپورٹرز کو مراعات دیں گے اور اس ضمن میں منصوبہ تیار کرکے ایف بی آر کو دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہدف سے زائد ایکسپورٹ پر سی فوڈ ایکسپورٹرز کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی، انڈر انوائسنگ کا خاتمہ ہوگا اور ڈالر کی آمد بڑھے گی۔