دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان میں 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ

دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان میں 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ

ویب ڈیسک: نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور ترقی کا ضامن ہوتے ہیں، اسی اہمیت کے پیش نظر دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

 اس دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے شعور بیدار کرنا، بے روزگاری میں کمی لانا اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق دنیا کا ہر چوتھا نوجوان غربت کا شکار ہے جبکہ ہر پانچواں نوجوان روزگار سے محروم ہے۔ اس دن کے ذریعے عالمی برادری نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 12 اگست کو یہ دن منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ نے 1999ء میں اس دن کو منانے کی قرارداد منظور کی تھی اور 2000ء سے ہر سال ایک نئے تھیم کے ساتھ اس دن کو منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

پاکستان دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے اور یہاں نوجوانوں کی تعداد دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ تاہم اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ تقریباً 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، بہتر صحت، متوازن خوراک اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ورلڈ یوتھ ڈے کا پیغام یہی ہے کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔