کراچی(آئی این پی )سندھ حکومت نے کراچی میں کل 13 اگست کو ہونے والے میوزیکل شو کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔سندھ کے سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے دفتر میں اہم اجلاس ہوا جس میں تقریب کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضی وہاب، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری اطلاعات اور دیگر حکام شریک تھے۔۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بریفنگ میں بتایا کہ شرکا کے لیے 27 ہزار نشستوں کی گنجائش ہوگی جن میں سے 10 ہزار نشستیں فیملیز کے لیے مختص ہوں گی، خصوصی بچوں کے لئے تین بسیں مختص ہوں گی اور انہیں خصوصی انٹری پاسز دیے جائیں گے تاکہ ان کو براہِ راست نشستوں تک پہنچایا جا سکے۔سکیورٹی افسران نے اجلاس میں بتایا کہ اسٹیڈیم میں دو حفاظتی سکیورٹی لئیرز ہوں گی، سکیورٹی پلان میں رینجرز اور پولیس کے ساتھ ساتھ اسکاٹس کی تعیناتی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔