اسرائیلی منصوبہ امن کی عالمی کوششوں کیلئے نقصان دہ ، لاکھوں فلسطینیوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے :سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب
نیویارک (آئی این پی )اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا، پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کرتا ہے، اسرائیل منصوبہ بندی کے تحت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اسرائیل کو غزہ پر قبضے سے روکنے کیلئے اب تک کچھ نہیں کیا گیا، پورے غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ انتہائی خطرناک ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسرائیل کے غزہ پر مکمل قبضے کے منصوبہ پر ہونے والے سلامتی کونسل کے غیرمعمولی ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ خطرناک اشتعال انگیزی ہے وزیراعظم شہبازشریف نے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے ۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ عرب اسلامک سمٹ نے بھی اسرائیلی منصوبے کو مسترد کر دیا ہے اسرائیلی منصوبہ امن کیلئے عالمی کوششوں کو نقصان دہ ہے لاکھوں فلسطینیوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے غزہ میں بمباری اور ہزاروں اموات کا سلسلہ جاری ہے اسرائیل فلسطینیوں کواپنی زمین سے نکال کر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سیاسی و عسکری مدد کرنے والوں کوذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اسرائیل کو سیاسی و عسکری مدد دینے والوں کو دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے اسرائیل کی مدد کرنیوالوں کو تاریخ
سخت الفاظ میں یاد کرے گی ۔اسرائیل کی مدد کرنیوالے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔