جولائی یا پہلے بجلی مزیدسستی‘بجٹ میں ملازمین کو ریلیف دینگے وزیرخزانہ

بجٹ سازی میں سرکاری اور نجی شعبے سے 98 فیصد تجاویز موصول ہوگئیں، تجاویز پر حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کر رہا ہے
‘ آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کر لئے

پاکستان ٹیرف پر امریکہ سے تجارتی مذاکرات کیلئے پرعزم، جلد وفد روانہ ہوگا، پاکستان عالمی تجارتی جنگ سے ممکنہ فوائد حاصل کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے:محمد اورنگزیب 
 اسلام  آباد (آئی این پی )وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے   حکومت  عوام کو معاشی ریلیف دینے کے اپنے وسیع تر منصبوبے کے تحت  جولائی یا اس سے پہلے بجلی کے بلوں میں مزید کمی کرنے پر کام  کررہی ہے جبکہ  اگلے بجٹ میں  تنخواہ دار طبقے کو بھی ریلیف دینے پر کام  ہورہا ہے ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کو اگلے بجٹ میں ریلیف دینے کے لیے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس کی تفصیلات ابھی میڈیا کو نہیں بتا سکتے۔وفاقی وزیرِ خزانہ  نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے ریلیف کی تفصیلات آئی ایم ایف کے پاس لے کر جائیں گے، بجٹ سازی کے لیے سرکاری اور نجی شعبے سے 98 فیصد تجاویز موصول ہو گئی ہیں، بجٹ تجاویز پر حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کر رہا ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ جن تجاویز پر عمل درآمد نہ ہو سکا اس کی وجوہات متعلقہ شعبے کو بتا دی جائیں گی، بجٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے سے پہلے متعلقین کو بتا دیا جائے گا کہ کن تجاویز پر عمل درآمد ہو سکتا ہے۔وزیرِ خزانہ نے کہا ہے کہ یکم جولائی کو بجٹ حتمی شکل میں نافذ ہو جائے گا، یکم جولائی کے بعد بجٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی،  آئی ایم ایف کی طرف سے دئیے گئے تمام اہداف پورے کر لیے ہیں‘انہوں نے کہا ہے پاکستان امریکہ کے ساتھ تعمیری تجارتی مذاکرات کے لیے جلد اپنا وفد واشنگٹن بھیجے گا، اگرچہ امریکی ٹیرف کا نفاذ 90 دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، تاہم پاکستان عالمی تجارتی جنگ سے ممکنہ فوائد حاصل کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفد جلد امریکی انتظامیہ سے بات چیت کے لیے روانہ ہوگا۔