یومِ وفات قائداعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

یومِ وفات قائداعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

کراچی: بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور ایڈیشنل آئی جی بھی ان کے ہمراہ تھے۔تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم کے یومِ وفات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ذاتی مفادات، آرام اور سکون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی زندگی مملکتِ پاکستان کے لیے وقف کی اور قوم کو رہنما اصول دیے جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو دنیا کی عظیم قوم بنانا اور ملک کو متحد رکھنا ہمارا مقصد ہونا چاہیے۔ پاکستان کے آئینی اور جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔

دھرنوں سے متعلق سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ احتجاج اور دھرنا دینا بنیادی حق ہے، تاہم اگر اس کے باعث مریض، عام شہری اور طلبہ متاثر ہوں تو اس پر خود غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے، تاہم عالمی حالات کے بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا تھا وہ پاکستان کی صورت میں پورا ہوا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ متحد رکھے۔