وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے ایک ملت کو نظریہ، شعور اور خودمختار ریاست عطا کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد آزادی قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی سے نجات دلائی اور انہیں ایک آزاد و خودمختار وطن کی منزل تک پہنچایا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظم کی بے مثال قیادت کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا۔ ان کی شخصیت میں کردار کی بلندی، گفتار کی سچائی اور عمل کی یکسوئی کا ایسا امتزاج موجود تھا جو تاریخ میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید بیماری اور کمزوری کے باوجود قائداعظم کے عزم، حوصلے اور استقلال نے قوم کو منزل سے ہمکنار کیا۔ قائداعظم اقلیتوں کے حقوق کے بڑے علمبردار تھے اور ریاست کو عوام کی امانت سمجھتے تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظم کی اصل امانت اور پاکستان کی روح ہیں۔ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرنے میں ہی مضمر ہے۔