اولیویا کی موت کے 3روز بعد درخواست موصول ہوئی، مبینہ جرم کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں،ہیلسنکی پولیس
ہلسنکی (آئی این پی)فن لینڈ کی 27 سالہ انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے دوران چل بسیں۔رپورٹس کے مطابق اولیویا ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقہ کار سے قبل بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے دوران ہوش کھو بیٹھیں، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔اولیویا کے والدین ریجو اوراس اور جوہانا اوراس نے بتایا ہے کہ بیٹی بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج تھی، جہاں وہ چل بسی۔ہیلسنکی پولیس نے بتایا ہے کہ اولیویا کی موت کے 3 روز بعد باقاعدہ تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد واقعے میں مبینہ جرم کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اولیویا کے والدین کا خیال ہے کہ کاسمیٹک طریقہ کار انجام دینے والے کلینک کی جانب سے کسی غلطی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا، تاہم تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔