شادی بیاہ پر فائرنگ،میزبان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ

ا یس ایچ اوز جوئے سمیت تمام سوشل کرائمزپر قابو پائیں، غفلت کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی:سی سی پی اوبلال صدیق
لاہور(کرائم رپورٹر) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویڑنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔جس میں دونوں ڈویڑنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہورنے چوکی انچارج اعوان ڈھائے والابشارت علی کو بین الاضلاعی منشیات فروش گینگ اور بڑی مقدار میں منشیات پکڑنے پرشاباش دی اور انعام دینے کا اعلان کیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں جوئے سمیت تمام سوشل کرائمزپر قابو پائیں، غفلت کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ ز کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔سی سی پی او لاہورنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو فالوکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے نقصانات کے بارے میں مساجدکے پلیٹ فارم سے عوام کو آگاہی دی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شادی بیاہ پر ہوائی فائرنگ کی صورت میں میزبان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہاکہ مالِ مسروقہ کی برآمدگی اور درخواست گزاروں کو حوالگی یقینی بنائی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری اور سنیچنگ کی وارداتوں کے سد باب کیلئے کارروائی تیز کی جائے اور ہاٹ سپاٹ ایریاز میں پٹرولنگ بڑھانے کے ساتھ ساتھ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھی مدد لی جائے۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی(وی وی آئی پی سکیورٹی)طارق عزیز،ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔