غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے ایک دن بعد، اسرائیل نے لبنان کے جنوبی ضلع صیدا میں متعدد فضائی حملے کیے۔
عرب میڈیا کے مطابق بم باری المصیلح اور النجاریہ کے درمیان واقع علاقے پر ہوئی، جس میں بلڈوزر اور کھدائی کی مشینوں کے ایک شوروم کو نشانہ بنایا گیا۔ بمباری کے نتیجے میں کئی گاڑیاں اور مشینیں جل کر تباہ ہو گئیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔حملوں کے سبب علاقے میں کئی بجلی کے کھمبے بھی تباہ ہو گئے، جس کی وجہ سے متعدد مقامات پر بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ہزاروں فلسطینی شہری اپنے تباہ شدہ گھروں کو واپس لوٹنے لگے تھے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے تحت نئی حدود پر اپنی پوزیشنز سنبھالنا شروع کر دی ہیں۔ امریکا کے مشرقِ وسطیٰ کے لیے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے انخلا کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت شروع ہو گیا ہے۔