مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات پر سکیورٹی یقینی، شہری مسائل حل کرنے کا حکم

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ معاشرے کی اصلاح، امن و انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کا اہم کردار ہے۔ ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران جمعتہ المبارک کے موقع پر علاقائی مساجد کا دورہ کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو کمیونٹی سے رابطے کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔مزید بر آں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سن کر حل کریں اور شہریوں کو پولیس کی طرف سے فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات سے آگاہ کیا جائے۔