سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر شہر بھر میں چیکنگ مزید سخت کردی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق جمعتہ المبارک کے موقع پر مساجد و امام بارگاہوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ نماز جمعہ کے دوران شہر میں سکیورٹی الرٹ رہے گی۔ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور دیگر پٹرولنگ ٹیمیں مساجد، عبادت گاہوں اور اہم شاہراؤں پر موثر پٹرولنگ کریں گی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے شہر بھر کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹوں پر چیکنگ اور نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے۔ ناکہ جات پر مشکوک افراد کا مکمل کریمنل ریکارڈ چیک کریں اور حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائیں۔ قانون شکن عناصر کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ افسران و جوان الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ ڈیوٹی پر تعینات جوان چیکنگ کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ لاہور پولیس کے محافظ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مسلسل سرگرم ہیں۔