ویب ڈیسک: جہاں کبھی باراتیں گھوڑوں یا گاڑیوں میں آتی تھیں، اب وہی باراتیں آسمان سے ہیلی کاپٹر میں اترتی نظر آ رہی ہیں — اور یہ نیا رجحان بھارت میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
پہلے شادیاں سادگی سے گھروں میں ہوتی تھیں، پھر وقت کے ساتھ شامیانے، شادی ہال، جدید بینکوئٹ اور مارکیز نے ان کی جگہ لے لی۔ اب صاحبِ حیثیت خاندان اپنی بارات یا دلہن کی رخصتی کے لیے ہیلی کاپٹر بک کرانے لگے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد کمپنیاں جیسے پون ہنس، اریہنت، بلیو ہائٹس ایوی ایشن، بدری ہیلی کاپٹر، ایئر چارٹرس انڈیا اور ایکرویشن ایوی ایشن شادیاں، باراتیں یا رخصتی کے مواقع پر کرائے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کر رہی ہیں۔زیادہ تر کمپنیاں فی گھنٹہ کی بنیاد پر چارجز لیتی ہیں، جو ہیلی کاپٹر کے ماڈل، سائز، نشستوں کی تعداد اور مسافت کے مطابق مختلف ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر کا کم از کم کرایہ 50 ہزار روپے فی گھنٹہ سے شروع ہوتا ہے، جبکہ طویل مسافت یا بڑے ہیلی کاپٹرز کے لیے یہ کرایہ ڈیڑھ لاکھ سے 5 لاکھ روپے فی گھنٹہ تک جا سکتا ہے۔تاہم صرف کرایہ ادا کرنا ہی کافی نہیں — بارات کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں کو ہیلی پیڈ بنوانا، لینڈنگ سائٹ تیار کرنا، اور سیکیورٹی انتظامات بھی خود کرنے پڑتے ہیں۔اس کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے استعمال کے لیے انڈین ایئر فورس، ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا یا مقامی انتظامیہ سے باضابطہ اجازت لینا بھی لازمی ہے۔سوشل میڈیا پر ان فضائی شادیوں کی ویڈیوز بڑی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، اور بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ یہ مناظر کسی فلم سے کم نہیں لگتے۔