ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان نے تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہٹائے جانے کے ایک روز بعد ہی عمران خان نے پارٹی ارکان کو ہدایت کی تھی کہ وہ پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائیں۔پی ٹی آئی ارکان نے اپنے استعفے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیے۔ اب تک سات ارکان نے استعفے جمع کرائے ہیں، جن میں متعدد کمیٹیوں کے چیئرمین بھی شامل ہیں۔پی ٹی آئی کے چیف وہپ رانا شہباز، حمبل ثناء، ممتاز فرخ جاوید مون، شیخ امتیاز سمیت دیگر ارکان نے اپنے استعفے جمع کرا دیے۔
مزید برآں، امتیاز محمود نے قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کی چیئرمین شپ سے، جبکہ اویس ورک نے قائمہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے پارٹی ارکان کو واضح ہدایت کی تھی کہ وہ پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے الگ ہو جائیں۔