اسلام آباد ہائی کورٹ کی ٹرائل کورٹ کو کیس کی سماعت دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین مذہب کیس میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ملزم حسن عابد کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ٹرائل کورٹ کو کیس کا ٹرائل دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔وکیل ہادی علی ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ اس عدالت نے ڈی جی این سی سی آئی اے کو 8 اکتوبر کو تمام گواہان پیش کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود کچھ گواہان پیش نہیں ہوئے۔وکیل نے کہا کہ گواہان کی عدم پیشی پر ٹرائل کورٹ سے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں، جو گواہ عدالت آئے ان پر جرح مکمل کرلی گئی، ضعیم ذوالفقار کیس میں چالان جمع نہیں ہوا، تفتیشی افسر بھی پیش نہیں ہورہا۔ جس پر وکیل عادل عزیزقاضی نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر دونوں سماعتوں پر موجود رہے ہیں۔