عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ بنے، جسٹس جمال مندوخیل

عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ بنے، جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ عدلیہ کو انتظامیہ (ایگزیکٹو) سے الگ ہونا چاہیے تاکہ وہ آزادانہ طور پر کام کرسکے اور ریاستی اداروں سے جواب طلبی کی جاسکے۔

 اگر عدلیہ ایگزیکٹو سے الگ نہ ہو تو قانون طاقتور کی خواہش کا غلام بن جاتا ہے۔اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ آج جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے والدین اور اساتذہ کا اہم کردار ہے۔ ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا، اس لیے جج کو ہمیشہ اپنے حلف کو یاد رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج کل آزاد عدلیہ کی بات کی جاتی ہے، تاہم عدلیہ کو آزاد ہونے کے ساتھ آئین اور قانون کا پابند بھی ہونا چاہیے۔ کسی ایک شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ جج کے کردار یا طرزِ عمل کا حتمی فیصلہ کرے، بلکہ جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔

جج میں چار بنیادی خوبیاں ہونی چاہئیں
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایک قول اکثر سقراط سے منسوب کیا جاتا ہے کہ ایک جج میں چار خوبیاں ہونی چاہئیں۔ جج تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سنے، دانشمندی سے جواب دے، سنجیدگی سے غور و فکر کرے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین اختیار کا سرچشمہ اور اختیارات کی حدود کا تعین کرنے والی دستاویز ہے۔ آئین پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کو بتاتا ہے کہ وہ کیا کرسکتے ہیں۔ ریاست کے دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی رکھنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے، جبکہ عدالتوں کو آئین کی تشریح اور اس پر دیانت داری سے عمل درآمد یقینی بنانے کا اختیار حاصل ہے۔

عدلیہ کی آزادی عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین کے تحت اختیارات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہوتے ہیں۔ حقوق اور قانون تک عام شہریوں کی رسائی بھی اسی طرح ہونی چاہیے جس طرح طاقتور اور بااثر افراد کو حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جج آئین اور قانون کی بالادستی اپنے عدالتی فیصلوں کے ذریعے برقرار رکھ سکتا ہے۔ آئین میں قراردادِ مقاصد کے تحت عدلیہ کی آزادی کو مکمل طور پر یقینی بنانے کی بات کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی کوئی استحقاق نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ اس آزادی کا احترام صرف گفتگو سے نہیں بلکہ عملی فیصلوں کے ذریعے ہوتا ہے۔ ضروری ہے کہ عدلیہ ہر قسم کی مداخلت، سیاسی مصلحتوں اور دباؤ سے آزاد ہو۔

عدالتیں سائلین کے لیے خوف کی جگہ نہیں ہونی چاہئیں
جسٹس جمال مندوخیل نے مزید کہا کہ عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ رہ کر ہی ریاستی اداروں کا مؤثر احتساب کرنا چاہیے۔ عدالتیں سائلین کے لیے ڈر اور خوف کی جگہ نہیں ہونی چاہئیں، بلکہ خوف ان لوگوں کو ہونا چاہیے جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے، تاہم اسے آئین اور قانون کے تابع رہنا چاہیے۔

پارلیمنٹ اجتماعی دانش کے تحت فیصلے کرے، جسٹس جمال مندوخیل
الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ بطور جج انہیں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس ہاشم کاکڑ کی جانب سے سب سے زیادہ تعاون اور حمایت حاصل رہی۔ کوئی بھی انسان تنہا کچھ نہیں کرسکتا، جبکہ باہمی مشاورت سے کیے گئے فیصلے زیادہ بہتر ہوتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ بھی اجتماعی دانش کو بروئے کار لاتے ہوئے فیصلے کرے گی۔

اٹارنی جنرل کی جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو خراج تحسین
ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ اسکول میں فٹبال ٹیم کے کپتان رہے اور ان کی کپتانی کی صلاحیتیں قانونی امور میں بھی برقرار رہیں۔