بجلی چوری روکنے کیلئے 40 ہزار ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز نصب ہوں گے، اخراجات صارفین سے وصول کیے جائیں گے
اسلام آباد (بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی حکومت نے بجلی چوری پر قابو پانے اور ٹارگٹڈ لوڈشیڈنگ کے لیے لیسکو کے ٹرانسفارمرز پر جدید سکیننگ میٹرز نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس پر صارفین سے 24 ارب روپے ٹیرف کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے لیسکو میں ایڈوانس پاور مینجمنٹ سسٹم (اے پی ایم ایس) نصب کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 100 اور 200 کے وی اے کے تقریباً 40 ہزار ٹرانسفارمرز پر جدید نظام لگایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے اخراجات قرض کی واپسی کے ذریعے بجلی کے ٹیرف میں شامل کرکے صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔ تاہم لیسکو کے پرانے اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز اس نظام کی تنصیب کے لیے موزوں نہیں ہوں گے، جبکہ ہر ٹرانسفارمر پر یہ سسٹم نصب کرنے پر تقریباً 5 سے 6 لاکھ روپے لاگت آئے گی