ایران پر دوبارہ حملوں کے معاملے پر ٹرمپ اور نیتن یاہو میں اختلافات شدت اختیار کرگئے

ایران پر دوبارہ حملوں کے معاملے پر ٹرمپ اور نیتن یاہو میں اختلافات شدت اختیار کرگئے

واشنگٹن: ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔

 اسرائیلی وزیراعظم ایران پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے لیے امریکی صدر پر دباؤ ڈال رہے ہیں، جبکہ امریکا اور خلیجی ممالک تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر شدید اختلافات سامنے آئے۔ ایک ذریعے نے اس گفتگو کو انتہائی تلخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران چیخ و پکار بھی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایران کے خلاف دوبارہ فوجی حملوں کے حامی ہیں اور اس مقصد کے لیے امریکی صدر کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم امریکی انتظامیہ اور خطے کے متعدد ممالک فوری فوجی کارروائی کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دے رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی تردید

دوسری جانب نیتن یاہو کے دفتر نے دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات اور تلخ کلامی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو ہونے کی تصدیق تو کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ بات چیت نہ تو جارحانہ تھی اور نہ ہی اس میں تلخی پائی گئی۔اس سے قبل برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے روزانہ رابطہ کرکے ایران کے خلاف فوجی حملے دوبارہ شروع کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

خلیجی ممالک فوجی کارروائی کے مخالف

رپورٹ کے مطابق عرب اور مسلم ممالک کے رہنما بھی نیتن یاہو کی جانب سے فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔ ان ممالک نے امریکی صدر پر زور دیا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کو مزید بڑھانے کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا تھا کہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سمیت خلیجی اتحادی ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے سخت مخالف ہیں۔ٹرمپ نے تنازع کے حل کے لیے ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان فی الحال کم دکھائی دیتا ہے۔

امریکا کا فی الحال بڑے فوجی آپریشن سے گریز کا عندیہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی منگل کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ واشنگٹن کو فی الحال ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں اپنا مقصد پورا کررہی ہیں۔مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکا ایران کے خلاف معاشی دباؤ برقرار رکھے گا، تاہم اگر تہران نے واشنگٹن کی مقرر کردہ سرخ لکیریں عبور کیں تو امریکی فوج جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

قطر کی ثالثی میں سفارتی کوششیں جاری

دوسری جانب قطر کے ثالثوں نے منگل کو بتایا کہ انہیں واشنگٹن اور تہران دونوں کی جانب سے سفارتی کوششوں پر ابتدائی طور پر مثبت ردعمل موصول ہوا ہے۔ تاہم ثالثوں کے مطابق کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورت حال موجود ہے۔واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ بعد ازاں سفارتی رابطوں کے نتیجے میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک فریم ورک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے، تاہم یہ پیش رفت تاحال کسی جامع امن معاہدے میں تبدیل نہیں ہوسکی۔