بھارتی اداکار پون کلیان نے 13 سال بعد بیوی کو طلاق دیدی

حیدرآباد (شوبز ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری اور سیاست میں اہم مقام رکھنے والے معروف اداکار اور آندھرا پردیش کے نائب وزیراعلیٰ پون کلیان نے اپنی اہلیہ اینا کونڈیلا سے 13 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں باہمی احترام اور رضامندی کے ساتھ اپنی راہیں جدا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بچوں کی بہتر پرورش اور خوشحالی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پون کلیان اور ان کی اہلیہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ زندگی کا ایک اہم حصہ ساتھ گزارنے کے بعد انہوں نے باہمی سمجھ بوجھ اور احترام کے ساتھ الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ازدواجی تعلق ختم ہونے کے باوجود دونوں اچھے دوست اور اپنے بچوں کے ذمہ دار والدین رہیں گے۔ بچوں کی خوشی، فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل ان کی مشترکہ ترجیح رہے گا۔جوڑے نے اپنے مداحوں اور خیرخواہوں سے نجی زندگی کے اس مشکل مرحلے میں ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل بھی کی اور حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔پون کلیان اور اینا کی شادی 2013 میں ہوئی تھی۔ اینا کا تعلق روس سے ہے اور دونوں کے دو بچے ہیں، ایک بیٹی اور ایک بیٹا۔ یہ پون کلیان کی تیسری شادی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق علیحدگی کے فیصلے کے حوالے سے دونوں کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے بات چیت جاری تھی۔ تاہم مشترکہ بیان میں علیحدگی کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔دونوں کی جانب سے بچوں کی پرورش اور ان کے مستقبل کو مشترکہ ذمہ داری قرار دینے کے بعد مداحوں کی جانب سے بھی ان کے فیصلے کے احترام اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔