مکہ معاہدہ کسی کیخلاف نہیں، تینوں ممالک میں شراکت داری کی علامت ہے اسحاق ڈار

 پاکستان تنازعات کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے،عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے
کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو، پاکستان موثر اقدامات کا حامی ہے:نائب وزیر اعظم کا  مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی ) نائب وزیراعظم  ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے  مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں،پاکستان تنازعات کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے   اسلا م آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم ہے، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید موثر کردار ادا کرنا ہوگا، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دبا ئوکا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور حامی ہے، عالمی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، موجودہ حالات میں سفارتکاری کے لئے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔