رفیع صحرائی
ابھی لوگ چند دن کے اندر پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی پر پوری طرح خوش بھی نہیں ہو پائے تھے کہ ان کی خوشی کا گلا گھونٹنے کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافہ کر کے حکومت نے اپنی آمدنی میں کمی کا ازالہ کر لیا ہے۔
جونہی حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتا ہے عوام کے چہروں پر پھیلی پریشانی کی لکیریں مزید گہری ہو جاتی ہیں۔ ابھی لوگ گزشتہ بلوں کے صدمے سے سنبھل نہیں پاتے کہ بجلی کی قیمت میں ایک اور اضافے کی خبر ان کے لیے نئی آزمائش بن کر سامنے آ جاتی ہے۔ ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے تازہ خبر بھی کچھ ایسی ہی ہے کہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔ دوسری جانب صنعتی اور زرعی صارفین کو اضافی بجلی کے استعمال پر فراہم کیے جانے والے ریلیف میں بھی 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کر دی گئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر عوام کب تک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ برداشت کرتے رہیں گے؟
بجلی آج محض گھروں کو روشن کرنے یا پنکھے چلانے کا ذریعہ نہیں بلکہ جدید زندگی، صنعت، زراعت، تجارت اور کاروبار کا بنیادی جزو بن چکی ہے۔ بجلی مہنگی ہوتی ہے تو اس کے اثرات صرف بجلی کے بل تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورا معاشی نظام اس کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بل ماہانہ آمدن کا ایک بڑا حصہ نگل جاتا ہے، جبکہ محدود تنخواہ یا روزانہ اجرت پر گزارا کرنے والے خاندانوں کے لیے بجلی کا بھاری بل ادا کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ ایک طرف بچوں کی تعلیم، علاج، مکان کا کرایہ اور روزمرہ ضروریات ہیں، دوسری طرف بجلی کا بل ہے جسے ادا نہ کرنے کی صورت میں کنکشن منقطع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
مہنگی بجلی کا سب سے بڑا اور دور رس اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ صنعتوں میں مشینیں چلانے، خام مال کی تیاری، مصنوعات کی پیکنگ اور انہیں منڈیوں تک پہنچانے کے لیے توانائی درکار ہوتی ہے۔ جب بجلی کے نرخ بڑھتے ہیں تو پیداواری لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ صنعت کار اس اضافی خرچ کو اپنی جیب سے برداشت کرنے کے بجائے مصنوعات کی قیمتوں میں شامل کر دیتا ہے۔ یوں ایک فیکٹری میں بجلی کی قیمت بڑھنے کا اثر بالآخر دکان پر فروخت ہونے والی چیز کی قیمت میں اضافے کی صورت میں عام صارف کو بھگتنا پڑتا ہے۔
یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا۔ مہنگی بجلی سے ٹرانسپورٹ، گوداموں، کولڈ اسٹوریج، آٹا ملوں، چاول کی چھڑائی، کپڑے کی صنعت اور دیگر کاروباری شعبوں کے اخراجات بھی بڑھتے ہیں۔ جب اشیاء کی پیداواری اور ترسیلی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھ جاتے ہیں۔ بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کے اخراجات میں اضافے کا بوجھ مسافروں اور تاجروں پر منتقل ہوتا ہے۔ نتیجتاً مسافر کو سفر کے لیے زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے اور تاجر کو مال کی ترسیل مہنگی پڑتی ہے۔ یہ اضافی خرچ بھی بالآخر اشیاء کی قیمتوں میں شامل ہو جاتا ہے۔ گویا بجلی کے نرخوں میں معمولی اضافہ بھی مہنگائی کی ایک طویل زنجیر کو حرکت دے دیتا ہے۔
زرعی شعبہ بھی اس صورت حال سے محفوظ نہیں۔ ٹیوب ویلوں کے ذریعے آبپاشی کرنے والے کسان پہلے ہی مہنگے ڈیزل، کھاد، بیج، زرعی ادویات اور مزدوری کے اخراجات سے پریشان ہیں۔ بجلی مہنگی ہونے سے آبپاشی مزید مہنگی ہو جاتی ہے، جس کا اثر فصلوں کی پیداواری لاگت پر پڑتا ہے۔ کسان اپنی محنت اور سرمایہ کاری کے بعد جب فصل منڈی میں لاتا ہے تو اسے مناسب معاوضہ ملنے کی ضمانت بھی نہیں ہوتی۔ دوسری طرف مہنگی پیداوار کا بوجھ صارف کو آٹا، سبزیاں، پھل، دودھ اور دیگر غذائی اشیاء کی بلند قیمتوں کی صورت میں برداشت کرنا پڑتا ہے۔
صنعتی شعبے کے لیے بھی یہ صورت حال کسی خطرے سے کم نہیں۔ پاکستان کی صنعتیں پہلے ہی عالمی منڈی میں مسابقت، مہنگے خام مال، ٹیکسوں اور مالیاتی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پیداواری لاگت بڑھتی ہے، برآمدی مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں اور عالمی منڈی میں مقابلے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض صنعتیں اپنی پیداوار محدود کرنے یا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ اس کا نتیجہ بے روزگاری، سرمایہ کاری میں کمی اور ملکی معیشت کی سست روی کی صورت میں نکلتا ہے۔
حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی سبسڈی کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے اور موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری بھی …