نجکاری کمیشن ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور،2بل کمیٹیوں کے سپرد
ویکسی نیشن اور صحت کے معاملات پر بحث، غلط معلومات پر اظہار تشویش
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)قومی اسمبلی کا اجلاس سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو قومی شہیدقراردینے کی قرارداد کی منظور کرلی گئی،قرارداد میں سفارش کی گئی کہ وفاقی حکو مت شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر قومی شہید قرار دے اور ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے ان کی شہادت کو قومی تاریخ اور جمہوری ریکارڈ میں تسلیم کرے۔مزید یہ کہ متعلقہ وفاقی ادارے، نصاب اور قومی آرکائیوز میں ان کی خدمات اور قومی کردار کو مناسب طور پر شامل کیا جائے۔دریں اثنا اجلاس میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل کثرتِ رائے سے منظور کرلیا گیا جبکہ سول ملازمین ترمیمی بل 2025 اور اقبال اکیڈمی ترمیمی بل 2025 دونوں کومتعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا گیا۔اجلاس میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن اور صحت سے متعلق معاملات پر بھی بحث جاری رہی۔ طارق فضل نے اسمبلی میں ویکسینیشن مخالف افواہوں اور غلط معلومات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ یہی جھوٹا پراپیگنڈا رہا ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے صحت سے متعلق اٹھائے گئے معاملات کو کمیٹی کے سپرد کر دیا تاکہ تحقیق کے بعد ایوان کو آگاہ کیا جا سکے۔