دھماکے کے بعد آتشزدگی،کئی گاڑیاں جل گئیں ،ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ،ہائی الرٹ
علاقہ مکمل طور پر سیل ،سڑکیں بند ،ابھی کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت :ڈی آئی جی
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)نئی دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب گزشتہ روز شام کو ایک زوردار کا دھماکے کے نتیجے میں 13افراد ہلاک اور کم ازکم 24زخمی ہو گئے،متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ، پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ سے نمونے اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکا شام 6بجکر 55منٹ پر ہوا، یہ دھماکا لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک اس وقت ہوا جب وہاں ایک سفید رنگ کی کار کھڑی تھی۔ اچانک اس گاڑی میں زوردار دھماکا ہوا جس سے نہ صرف وہ کار مکمل طور پر جل گئی بلکہ قریب کھڑی دیگر گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، سڑک پر ملبہ پھیل گیا اور لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے،فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔سی آر پی ایف کے ڈی آئی جی کشور پرساد جائے وقوعہ پر پہنچے۔ جب ان سے اس واقعے کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا،ابھی کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے، دھماکے میں کئی کاریں، 2آٹو رکشا، اور ایک ای رکشہ کو نقصان پہنچا۔