مسلمان اس نیک مشن کو پورا کرنے کیلئے کا م کریں :تبلیغی اجتماع سے خطاب
رائیونڈ (کرائم رپورٹر )رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ربیع الحق آف بنگلہ دیش،بھائی فاروق بنگلور،مولانا عبدالرحمان بمبئی،مولانا زبیر الحسن آف انڈیا، مولانا ابراہیم دیولہ ودیگر علمانے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی والا دین اورمکمل ضاطہ حیات ہے۔ آقائے کائنات ٓ کو پوری کائنات کیلئے رحمت بناکربھیجا گیا ،دین اسلام عین فطرت کے مطابق ہے جدید سائنس آج اسلام کے مطابق تحقیقات کرکے اسکو سچ ثابت کررہی ہے جبکہ ہمیں ساڑھے چودہ سو سال پہلے ہی پیارے نبی ٓ نے تمام بشارتیں سنا دی تھیں۔ دعوت وتبلیغ کا کام عام کام نہیں ہے یہ کام انبیاکرام کی میراث ہے جنہوں نے اللہ کی وحدانیت کو عام کیا اس کام پر انہیں مختلف اذیتوں اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا ،اس عظیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے تمام کلمہ گو مسلمانوں کو اپنے اہل و عیال ،محلے ،شہر کے مکینوں کو دعوت دینا ہوگی ، اللہ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرم ٓ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا ،یہ پیغام تمام زمانوں کیلئے تھا ،اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت مسلمہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ آوٓ سب ملکر عہد کریں کہ اس نیک مشن کو پورا کرنے کے لیے خود کو دعوت وتبلیغ کیلئے پیش کریں۔ اجتماع میں ہزاروں افراد نے تبلیغ میں وقت دینے کا عزم کیا ، اپنے نام لکھوائے اور ارادہ کیا کہ وہ اسلامی شعائر پر مکمل عمل پیرا ہونگے۔ اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج اختتامی دعا کے بعد اختتام پذیر ہو جائیگا ،اختتامی دعا سے قبل مولانا ابراہیم دیولہ شرکا کو خصوصی ہدایات دینگے جبکہ اختتامی دعا بھی کروائیں گے۔