کراچی،فیصل آباد،سوات،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں سے مندوبین شریک ہوں گے
رائے ونڈ(یواین پی) عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج جمعرات سے شروع ہوگا، ملک کے مختلف مقامات سے مندوبین کی آمد کا سلسلہ گذشتہ روز ہی شروع ہو گیا،سپیشل ٹرین کراچی سے ہزاروں مندوبین کو لے کر آج رائے ونڈ پہنچے گی۔تفصیلات کے مطابق عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج جمعرات کو رائے ونڈ پنڈال میں شروع ہو گا۔دوسرے مرحلے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ،دوسرے مرحلے میں کراچی،فیصل آباد،سوات،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں سے مندوبین شریک ہوں گے۔ اجتماع امیر جماعت مولانا نذر الرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہو کر اتوار کی صبح اختتامی دعا مولانا محمد ابراہیم دیولا کی اختتامی دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔بھارت اور بنگلا دیش سے تبلیغی اکابرین رائے ونڈ پنڈال گاہ میں موجود ہیں جبکہ 65سے زائد ممالک کے مندوبین اجتماع میں شرکت کیلئے پنڈال پہنچ چکے ہیں۔ اجتماع گاہ میں سلنڈر سمیت آتشگیر مادہ لانے پر سختی سے پابندی عائد ہے،شرکا ء اجتماع کو واک تھرو گیٹ کے ذریعے گزارا جارہا ہے،اجتماع گاہ کی حفاظت کیلئے پولیس سمیت حساس اداروں کے اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔