احمدآباد(آئی این پی)بھارتی ریاست گجرات کے ضلع امریلی میں ایک کسان نے اپنی خوش قسمت گاڑی کی تدفین بہت ہی عظیم الشان طریقے سے کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گائوں میں سنجے پولارا نامی کسان اوراس کے خاندان کی جانب سے منعقدہ تقریب میں لوگوں نے شرکت کی جن میں مذہبی شخصیات اورعقیدت مند بھی شامل تھے۔ کسان اور اس کے خاندان نے اس موقع پر اپنے فارم میں مذہبی رسومات ادا کیں اور ان کی 12سال پرانی گاڑی کو دفنانے کے لیے 15فٹ گہرا گڑھا کھودا گیا تھا۔گاڑی کو پھولوں اور ہاروں سے سجا کر دھوم دھام سے گڑھے تک لے جایا گیا اور ہرے کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا، اس موقع پر کسان کے اہلِ خانہ نے گاڑی پر پھول بھی نچھاور کیے۔میڈیا کے مطابق اس سب کے دوران وہاں موجود پنڈت اور دیگر افراد مذہبی کلمات پڑھتے رہے، ان تمام کاموں کے بعد مٹی ڈالنے اور گاڑی کو دفن کرنے کے لیے کھدائی کرنے والی مشین کا استعمال کیا گیا۔ کسان نے کہا میں نے یہ گاڑی12سال پہلے خریدی تھی جس سے خاندان میں خوش حالی آئی، کاروبار میں کامیابی کے ساتھ ساتھ میرے خاندان کی عزت بھی بڑھی۔