آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کیا ہے، جس میں تجربہ کار فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ان کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ اگست میں شروع ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تیاری کر سکیں۔ پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں مچل مارش ٹیم کی قیادت کریں گے۔پاکستان کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ اس میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے کپتان اولیور پیک اور آل راؤنڈر لیام اسکاٹ پہلی بار آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ اس کے علاوہ، رائیلی میریڈتھ اور بلی اسٹین لیک بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں آزمانا مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے اور مختلف کنڈیشنز میں کھلاڑیوں کو آزمانا آئندہ بڑے ایونٹس کی تیاری کے لیے ضروری ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچز 30 مئی کو راولپنڈی، اور 2 اور 4 جون کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں:مچل مارش (کپتان)، ایلکس کیری، نیتھن ایلس، کیمرون گرین، جوش انگلیس، میتھیو کوہنیمن، مارنس لبوشین، ریلی میریڈتھ، اولیور پیک، میتھیو رینشا، تنویر سنگھا، لیام اسکاٹ، میٹ شارٹ، بلی اسٹین لیک، ایڈم زیمپا۔