ویب ڈیسک: انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا کے مشرقی حصے میں ہفتہ کی صبح زور دار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
جرمن ریسرچ سینٹر برائے جیو سائنسز (GFZ) کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 21 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز سماٹرا کے شمال مشرقی علاقے میں زمین کے اندر تھا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے شدید نوعیت کے تھے تاہم سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی لیکن متاثرہ علاقوں میں ریلیف ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔